آیات 79 - 80
 

وَ ہُوَ الَّذِیۡ ذَرَاَکُمۡ فِی الۡاَرۡضِ وَ اِلَیۡہِ تُحۡشَرُوۡنَ ﴿۷۹﴾

۷۹۔ اور اللہ وہی ہے جس نے تمہیں زمین میں پیدا کیا اور اسی کی طرف تم سب کو جمع کیا جانا ہے۔

وَ ہُوَ الَّذِیۡ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ وَ لَہُ اخۡتِلَافُ الَّیۡلِ وَ النَّہَارِ ؕ اَفَلَا تَعۡقِلُوۡنَ﴿۸۰﴾

۸۰۔ اور وہی ہے جو زندگی دیتا ہے اور موت بھی اور اسی کے قبضہ قدرت میں شب و روز کا آنا جانا ہے تو کیا تم عقل سے کام نہیں لیتے؟

تشریح کلمات

ذَرَاَ:

( ذ ر ء ) الذرء کے معنی ہیں اللہ نے جس چیز کو ارادہ کیا اسے ظاہر کر دیا، خلق کر دیا۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ ہُوَ الَّذِیۡ ذَرَاَکُمۡ: جس نے تمہیں سماعت اور بصارت عطا کی ہے اسی نے تمہیں زمین میں پیدا کیا پھر اس کی طرف محشور ہوں گے۔ ان تمام امور کا مرجع اللہ کی ذات ہے۔

۲۔ وہ تمہارا رب اور مالک ہے۔ زندہ کرنے اور موت دینے پر قادر ہے اور گردش لیل و نہار اسی کے قبضہ قدرت میں ہے تو اس کا یہ مطلب ہوا کہ تمہاری زندگی اور کل کائنات کی تدبیر اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ تم عقل سے کام نہیں لیتے اور غیر اللہ کے آستانے پر ماتھا مارتے ہو۔


آیات 79 - 80