آیت 73
 

وَ یَعۡبُدُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ مَا لَا یَمۡلِکُ لَہُمۡ رِزۡقًا مِّنَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ شَیۡئًا وَّ لَا یَسۡتَطِیۡعُوۡنَ ﴿ۚ۷۳﴾

۷۳۔ اور اللہ کو چھوڑ کر یہ لوگ ایسوں کی پوجا کرتے ہیں جنہیں نہ آسمانوں سے کوئی رزق دینے کا اختیار ہے اور نہ زمین سے اور نہ ہی وہ اس کام کو انجام دے سکتے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ یَعۡبُدُوۡنَ مِنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ: یہ لوگ رازق حقیقی کو چھوڑ کر ایسے بے شعور بتوں کی پرستش کرتے ہیں جو اسباب رزق آسمان سے نازل نہ زمین سے فراہم کر سکتے ہیں۔ تمہارے معبود کی گرفت میں آفتاب اور اس کی تابش ہے نہ زمین اور اس کی روئیدگی ان کے اختیار میں ہے۔ پھر یہ کہاں سے تم کو رزق دیتے ہیں ؟

۲۔ وَّ لَا یَسۡتَطِیۡعُوۡنَ: تمہارے معبودوں میں ایسی صلاحیت سرے سے موجود نہیں ہے کہ وہ تمہیں زمین سے ایک دانہ اگا کر دیں۔

اہم نکات

۱۔ معبود وہ ہوتا ہے جس کے ہاتھ میں رزق ہے: وَ یَعۡبُدُوۡنَ۔۔۔مَا لَا یَمۡلِکُ لَہُمۡ رِزۡقًا


آیت 73