آیت 88
 

وَ قَالَ مُوۡسٰی رَبَّنَاۤ اِنَّکَ اٰتَیۡتَ فِرۡعَوۡنَ وَ مَلَاَہٗ زِیۡنَۃً وَّ اَمۡوَالًا فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا ۙ رَبَّنَا لِیُضِلُّوۡا عَنۡ سَبِیۡلِکَ ۚ رَبَّنَا اطۡمِسۡ عَلٰۤی اَمۡوَالِہِمۡ وَ اشۡدُدۡ عَلٰی قُلُوۡبِہِمۡ فَلَا یُؤۡمِنُوۡا حَتّٰی یَرَوُا الۡعَذَابَ الۡاَلِیۡمَ﴿۸۸﴾

۸۸۔ اور موسیٰ نے عرض کی: اے ہمارے رب! تو نے فرعون اور اس کے درباریوں کو دنیاوی زندگی میں زینت بخشی اور دولت سے نوازا ہے ہمارے رب! کیا یہ اس لیے ہے کہ یہ لوگ (دوسروں کو ) تیری راہ سے بھٹکائیں؟ ہمارے رب! ان کی دولت کو برباد کر دے اور ان کے دلوں کو سخت کر دے تاکہ یہ لوگ دردناک عذاب کا سامنا کرنے تک ایمان نہ لائیں۔

تفسیر آیات

۱۔ اٰتَیۡتَ فِرۡعَوۡنَ وَ مَلَاَہٗ: دنیوی زندگی میں زینت سے مراد لباس، اچھی سواری، اچھا گھر، اچھی صحت، اچھی جسامت ہے۔ وَ مَلَاَہٗ کبھی اموال میں زینت ہوتی ہے اور کبھی نہیں ہوتی۔ اس پر صرف مال صادق آتا ہے اور زینت کی چیزیں سب اموال شمار ہوتی ہیں۔

۲۔ رَبَّنَا لِیُضِلُّوۡا عَنۡ سَبِیۡلِکَ: یضلوا میں لام برائے بیان عاقبت ہے۔ فرعون اور فرعونیوں کو جو کچھ آپ نے دے رکھا ہے اس کی عاقبت اور انجام یہ ہو گا کہ وہ لوگوں کو گمراہ کریں گے جیسے حضرت نوح علیہ السلام نے اللہ سے عرض کیا تھا:

اِنَّکَ اِنۡ تَذَرۡہُمۡ یُضِلُّوۡا عِبَادَکَ ۔۔۔۔ (۷۱ نوح: ۲۷)

اگر تو انہیں چھوڑ دے گا تو وہ یقینا تیرے بندوں کو گمراہ کریں گے۔۔۔۔

۳۔ رَبَّنَا اطۡمِسۡ عَلٰۤی اَمۡوَالِہِمۡ: اے میرے رب! فرعونیوں کی دولت برباد کر دے تاکہ تیرے بندوں کو گمراہ نہ کریں۔

۴۔ وَ اشۡدُدۡ عَلٰی قُلُوۡبِہِمۡ: ان کی سرکشی کی سزا کے طور پر ان کے دل ایسے سخت کر دے کہ ایمان ان دلوں میں داخل ہی نہ ہو سکے۔ یہ دعائے بد اس وقت کی گئی جب ہر قسم کے دلائل و معجزات دکھانے کے باوجود وہ اپنے کفر پر اڑے رہے اور آئندہ ایمان لانے کی امید بھی باقی نہ رہی۔ یہ بد دعا بالکل اسی طریقے پر ہے جو خود اللہ تعالیٰ اختیار فرماتا ہے کہ حجت پوری ہونے پر بھی کفر پر جمے رہے تو پھر ان کو اپنے حال پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ ان کا ہاتھ نہیں تھامتا، ان کو توفیق نہیں دیتا۔ اس دعا کا مضمون بھی یہی ہے کہ ان کو ہدایت نہ دینا پھر وہ مؤمن نہیں بن سکتے۔ اپنے اعمال، اپنی کی سرکشی کی وجہ سے یہ ایمان کے لیے اہل نہیں رہے۔

اہم نکات

۱۔ مؤمن کو دشمن کی دولت اور جاہ و سلطنت دیکھ کر مایوس نہیں ہونا چاہیے۔


آیت 88