آیات 69 - 70
 

اَلَمۡ تَرَ اِلَی الَّذِیۡنَ یُجَادِلُوۡنَ فِیۡۤ اٰیٰتِ اللّٰہِ ؕ اَنّٰی یُصۡرَفُوۡنَ ﴿ۖۛۚ۶۹﴾

۶۹۔ کیا آپ نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جو اللہ کی آیات کے بارے میں جھگڑتے ہیں؟ یہ لوگ کہاں پھرے جاتے ہیں؟

الَّذِیۡنَ کَذَّبُوۡا بِالۡکِتٰبِ وَ بِمَاۤ اَرۡسَلۡنَا بِہٖ رُسُلَنَا ۟ۛ فَسَوۡفَ یَعۡلَمُوۡنَ ﴿ۙ۷۰﴾

۷۰۔ جنہوں نے اس کتاب کی اور جو کچھ ہم نے پیغمبروں کو دے کر بھیجا ہے اس کی تکذیب کی ہے، انہیں عنقریب معلوم ہو جائے گا۔

تفسیر آیات

اس سورہ مبارکہ میں مشرکین کے جھگڑوں کا تیسری بار ذکر ہو رہا ہے۔ اس سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ یہ سورہ ایسے حالات میں نازل ہوا ہے جب مشرکین نے طرح طرح کے شبہات اور الزامات کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔

ان مشرکین کو، جو الزامات عائد اور الکتاب قرآن کی تکذیب کرتے ہیں، بتایا جا رہا ہے: اَنّٰی یُصۡرَفُوۡنَ وہ کہاں پھرے جا رہے ہیں۔ یہ لوگ اپنی تباہی کی طرف جا رہے ہیں نیز ان کے انجام بد کے بارے میں فرمایا: فَسَوۡفَ یَعۡلَمُوۡنَ عنقریب انہیں معلوم ہو جائے گا کہ یہ لوگ کس انجام بد سے دوچار ہونے والے ہیں۔


آیات 69 - 70