آیت 31
 

ثُمَّ اَنۡشَاۡنَا مِنۡۢ بَعۡدِہِمۡ قَرۡنًا اٰخَرِیۡنَ ﴿ۚ۳۱﴾

۳۱۔ پھر ان کے بعد ہم نے ایک اور قوم کو پیدا کیا۔

تشریح کلمات

قرن:

( ق ر ن ) قرن سے مراد وہ قومیں ہیں جو ایک زمانے میں آباد تھیں۔

تفسیر آیات

قوم نوح کے بعد اللہ نے دیگر قوموں کو پیدا کیا۔ یہاں ان قوموں سے مراد قوم عاد یا قوم ثمود ہے۔ بظاہر اس قوم سے مراد قوم عاد ہی ہو سکتی ہے۔ چنانچہ قوم عاد کے بارے میں سورہ اعراف آیت ۶۹ میں فرمایا:

وَ اذۡکُرُوۡۤا اِذۡ جَعَلَکُمۡ خُلَفَآءَ مِنۡۢ بَعۡدِ قَوۡمِ نُوۡحٍ ۔۔۔۔

یاد کرو جب قوم نوح کے بعد اس نے تمہیں جانشین بنایا۔

یہ صراحت ہے اس بات پر کہ نوح علیہ السلام کے بعد قوم عاد ہے۔ بعض کے نزدیک اس قوم سے مراد قوم ثمود ہے اور اس پر یہ قرینہ قرار دیتے ہیں کہ اس آیت کے آخر میں صیحۃٌ کے عذاب کا ذکر ہے اور قوم ثمود کو صیحۃ کا عذاب آیا تھا۔

جواب یہ ہے کہ قوم ثمود کے عذاب کے بارے میں جہاں صیحۃ کا ذکر ہے اسی عذاب کو سورۃ الاعراف : ۷۸ میں الرَّجۡفَۃُ کہا ہے اور سورۃ حٓم سجدہ : ۱۷ میں صٰعِقَۃُ کہا ہے اور عذاب صیحۃ کا ذکر صرف قوم ثمود کے لیے نہیں دیگر قوموں کے لیے بھی ہے۔ مثلاً قوم شعیب، قوم لوط کے لیے۔ ملاحظہ ہو سورہ حجر : ۷۲، سورہ ہود : ۹۴


آیت 31