آیت 103
 

فَاِذَا قَضَیۡتُمُ الصَّلٰوۃَ فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ قِیٰمًا وَّ قُعُوۡدًا وَّ عَلٰی جُنُوۡبِکُمۡ ۚ فَاِذَا اطۡمَاۡنَنۡتُمۡ فَاَقِیۡمُوا الصَّلٰوۃَ ۚ اِنَّ الصَّلٰوۃَ کَانَتۡ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ کِتٰبًا مَّوۡقُوۡتًا﴿۱۰۳﴾

۱۰۳۔ پھر جب تم نماز پڑھ چکو تو کھڑے، بیٹھے اور لیٹے (ہر حال میں) اللہ کو یاد کرو، پھر جب اطمینان حاصل ہو جائے تو (معمول کی) نماز قائم کرو، بے شک وقت کی پابندی کے ساتھ نماز ادا کرنا مومنین پر فرض ہے۔

تشریح کلمات

کِتٰبًا:

( ک ت ب )کتاب کے متعدد معانی میں سے ایک معنی حتمی اور اٹل فیصلہ ہے:

قُلۡ لَّنۡ یُّصِیۡبَنَاۤ اِلَّا مَا کَتَبَ اللّٰہُ لَنَا ۔۔۔ (۹ توبہ : ۵۱)

کہدیجیے: اللہ نے ہمارے لیے جو مقدر فرمایا ہے اس کے سوا ہمیں کوئی حادثہ پیش نہیں آتا۔

کَتَبَ اللّٰہُ لَاَغۡلِبَنَّ اَنَا وَ رُسُلِیۡ ۔۔ (۵۸ مجادلہ : ۲۱)

اللہ نے لکھ دیا ہے: میں اور میرے رسول ہی غالب آ کر رہیں گے۔

تفسیر آیات

فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ: یعنی نماز سے فارغ ہونے کے بعد بھی ہر حالت میں مومن کو یاد خدا میں رہنا چاہیے۔ اس سلسلے میں تین حالتوں کا ذکر ہے۔ جن سے انسان خالی نہیں ہوتا یا حالت قیام میں ہوتا ہے یا بیٹھے ہوئے ہوتا ہے یا لیٹے ہوئے۔ ہر حالت میں ذکر خدا ممکن ہے۔ اگر راستہ چل رہا ہے، ساتھ ذکر بھی ہو سکتا ہے۔ اگر بیٹھا ہوا ہے یا لیٹا ہوا ہے تو بھی ذکر خدا ہو سکتا ہے۔ ذکر خدا کے ساتھ کسی کام کا ٹکراؤ نہیں ہوتا۔

ایک حدیث میں آیا ہے کہ اس آیت کا مطلب یہ ہے کہ سالم شخص کھڑا، مریض بیٹھ کر، یہ بھی ممکن نہ ہوا تو لیٹ کر نماز پڑھے۔ (الوسائل ۵: ۴۸۷)

بظاہر مَّوۡقُوۡتًا سے مراد وقت کی پابندی ہے کہ ہر نماز کے لیے ایک خاص وقت معین ہے۔ اس لیے وقت سے پہلے اور بعد میں نہیں پڑھی جا سکتی اور کسی بھی حالت میں نہیں چھوڑی جا سکتی۔ یہاں دو چیزیں واجب ہیں: ایک تو نماز پڑھنا اور دوسری وقت پر پڑھنا۔ اگر کسی وجہ سے وقت پر نہیں پڑھی جا سکی تو نماز بطور قضا بہرحال پڑھنا واجب ہے۔

حضرت محمد باقر علیہ السلام سے روایت ہے:

اِنَّ لِلصَّلَاۃِ وَقْتاً وَ الْأَمْرُ فِیْہِ وَاسِعٌ یُقَدَّمُ مَرَّۃً وَیُؤَخَّرُ مَرَّۃً اِلَّا الْجُمُعَۃَ فَاِنَّمَا ھُوَ وَقْتٌ وَاحِدٌ ۔ (مستدرک الوسائل ۳ : ۱۰۸)

نماز کے لیے وقت مقرر ہے، تاہم اس حکم میں گنجائش ہے۔ کبھی پہلے وقت میں، کبھی کچھ دیر سے نماز ہو سکتی ہے، سوائے جمعہ کے۔ اس کے لیے ایک ہی وقت مقرر ہے۔


آیت 103