آیات 69 - 70
 

اَلَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا بِاٰیٰتِنَا وَ کَانُوۡا مُسۡلِمِیۡنَ ﴿ۚ۶۹﴾

۶۹۔ (یہ وہی ہوں گے) جو ہماری آیات پر ایمان لائے اور وہ مسلمان تھے۔

اُدۡخُلُوا الۡجَنَّۃَ اَنۡتُمۡ وَ اَزۡوَاجُکُمۡ تُحۡبَرُوۡنَ﴿۷۰﴾

۷۰۔ (انہیں حکم ملے گا) تم اور تمہاری ازواج خوشی کے ساتھ جنت میں داخل ہو جاؤ۔

تشریح کلمات

تُحۡبَرُوۡنَ:

( ح ب ر ) الحبر خوشی کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے جیسے اس آیت میں۔

تفسیر آیات

ان کی دو اہم خصوصیتوں کا ذکر ہے: ایمان اور تسلیم۔ وہ ایمان و عقیدے میں اپنا وہ مقام رکھتے تھے جس کے نتیجے میں اللہ کے ہر حکم کے سامنے سر تسلیم خم کرتے تھے۔ یہ وہی اوصاف ہیں جنہیں قرآن ایمان و عمل صالح کے نام سے یاد کرتا ہے لیکن اس آیت میں عمل صالح کی جگہ تسلیم و رضا کا ذکر ہے۔

اُدۡخُلُوا الۡجَنَّۃَ: انہیں اپنی ازواج کے ساتھ جنت میں داخل ہونے کا حکم ملے گا۔ ازواج سے مراد بیویاں ہو سکتی ہیں یعنی وہ بیویاں جو دنیا میں شریک حیات ہونے کے ساتھ ایمان و عمل صالح میں بھی شریک ہوں۔

تُحۡبَرُوۡنَ: خوشی کی حالت میں۔ ظاہر ہے جنت میں داخل ہونے کا حکم ملنے پر مومن کے لیے اس سے زیادہ خوشی کی کوئی اور بات ہو نہیں سکتی۔


آیات 69 - 70