آیت 65
 

ہُوَ الۡحَیُّ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ فَادۡعُوۡہُ مُخۡلِصِیۡنَ لَہُ الدِّیۡنَ ؕ اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ﴿۶۵﴾

۶۵۔ وہی زندہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں لہٰذا تم دین کو اس کے لیے خالص کر کے اسی کو پکارو، ثنائے کامل ہے اس اللہ کے لیے جو عالمین کا رب ہے۔

تفسیر آیات

۱۔ ہُوَ الۡحَیُّ: اللہ کی ذات ہی زندہ ہے۔ جو بذات خود زندہ اور دوسروں کی زندگی کا سرچشمہ ہے۔ باقی تمام زندوں کی زندگی مستعار ہے۔ وہی لائق عبادت ہے۔

۲۔ فَادۡعُوۡہُ: پس عقل کا تقاضا ہے حیات دہندہ کی بندگی کی جائے۔ پکارنا اسی کو چاہیے جو ہمیشہ زندہ ہو، نہ وہ غافل ہو، نہ اسے نیند آتی ہو: لَا تَاۡخُذُہٗ سِنَۃٌ وَّ لَا نَوۡمٌ۔۔۔۔ (۲ بقرۃ : ۲۵۵)

۳۔ مُخۡلِصِیۡنَ لَہُ الدِّیۡنَ: بندگی میں اللہ کے علاوہ کسی موہوم معبود کو شریک نہ کیا جائے۔

۴۔ اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ: لائق حمد وہی ہے جو عالمین کا واحد رب ہے۔


آیت 65