آیت 123
 

وَ اِنَّ اِلۡیَاسَ لَمِنَ الۡمُرۡسَلِیۡنَ﴿۱۲۳﴾ؕ

۱۲۳۔ اور الیاس بھی یقینا پیغمبروں میں سے تھے۔

تفسیر آیات

حضرت الیاس علیہ السلام انبیائے بنی اسرائیل میں سے تھے اور حضرت سلیمان علیہ السلام کے بعد مبعوث ہوئے۔ جب بنی اسرائیل میں بت پرستی عام ہونا شروع ہو گئی تو حضرت الیاس علیہ السلام نے اس بت پرستی کے خلاف قیام کیا۔

حضرت سلیمان علیہ السلام کے بعد بنی اسرائیل کی سلطنت دو حصوں میں بٹ گئی۔ ایک حصے پر آل داؤد قابض تھے جو یہودی ریاست کے نام سے موسوم تھی اور دوسرے حصے کو اسرائیلی ریاست کا نام دیا گیا۔ اس کے بادشاہ نے لبنان کے بادشاہ کی لڑکی سے شادی کر لی جو مشرکہ تھی۔ بعد میں خود بھی مشرک ہوگیا جس سے بت پرستی کو تقویت ملی۔ اس وقت حضرت الیاس علیہ السلام نے بت پرستی کے خلاف قیام کیا۔ بادشاہ سے جانی خطرہ لاحق ہونے کی وجہ سے حضرت الیاس علیہ السلام نے ہجرت اختیار کی۔

اسی اثناء میں یہودی ریاست کے بادشاہ نے اسرائیل کے بادشاہ کی بیٹی سے شادی کر لی جس کی وجہ سے یہاں بھی بت پرستی کو رواج ملا۔ حضرت الیاس علیہ السلام نے یہاں بھی اس بت پرستی کے خلاف آواز اٹھائی۔


آیت 123