آیات 69 - 70
 

اِنَّہُمۡ اَلۡفَوۡا اٰبَآءَہُمۡ ضَآلِّیۡنَ ﴿ۙ۶۹﴾

۶۹۔ بلا شبہ انہوں نے اپنے باپ دادا کو گمراہ پایا۔

فَہُمۡ عَلٰۤی اٰثٰرِہِمۡ یُہۡرَعُوۡنَ﴿۷۰﴾

۷۰۔ پھر وہ ان کے نقش قدم پر دوڑ پڑے۔

تشریح کلمات

اَلۡفَوۡا:

( ل ف ی ) الفیت کے معنی کسی چیز کو پالینے کے ہیں

یُہۡرَعُوۡنَ:

( ھ ر ع ) ھرع سختی سے ہانکنے کے معنی میں ہے۔

تفسیر آیات

ان کے اس درد ناک عذاب میں مبتلا ہو نے کی وجہ یہ ہے کہ یہ لوگ اللہ کے رسولوں کی طرف سے اتمام حجت کے باوجود اپنی آبائی اندھی تقلید پر ڈٹے رہے۔ اگرچہ اپنے باپ دادا کو گمراہ راستوں پر پایا مگر وہ ہدایت کی طرف آنے کا نام نہیں لیتے تھے۔

فَہُمۡ عَلٰۤی اٰثٰرِہِمۡ یُہۡرَعُوۡنَ: یہ لوگ ان گمراہ لوگوں کے نقش قدم پر چلنے میں لپک جاتے ہیں۔ انبیاء کی دعوت پر توجہ دینے کی بجائے وہ اس گمراہی کی طرف چل دوڑتے ہیں۔


آیات 69 - 70