آیت 24
 

فَمَا کَانَ جَوَابَ قَوۡمِہٖۤ اِلَّاۤ اَنۡ قَالُوا اقۡتُلُوۡہُ اَوۡ حَرِّقُوۡہُ فَاَنۡجٰىہُ اللّٰہُ مِنَ النَّارِ ؕ اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیٰتٍ لِّقَوۡمٍ یُّؤۡمِنُوۡنَ﴿۲۴﴾

۲۴۔ تو اس (ابراہیم) کی قوم کا صرف یہ جواب تھا کہ وہ کہیں: انہیں قتل کر ڈالو یا جلا دو لیکن اللہ نے انہیں آگ سے بچا لیا، ایمان والوں کے لیے یقینا اس میں نشانیاں ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ فَمَا کَانَ جَوَابَ قَوۡمِہٖۤ: حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرف سے قائم کردہ دلائل اور نصیحتوں کا ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔

۲۔ اِلَّاۤ اَنۡ قَالُوا اقۡتُلُوۡہُ اَوۡ حَرِّقُوۡہُ: آپس میں مشورہ کرنے لگے کہ ابراہیم علیہ السلام کو کس قسم کی سزا دینی چاہیے۔ چنانچہ آخر یہ طے ہوا کہ قتل کرنے سے سزا کو شہرت نہیں ملے گی، آگ میں جلانے سے زیادہ شہرت مل جائے گی۔ اس طرح یہ سزا زیادہ عبرتناک ثابت ہو گی۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعوت الی الحق کے مقابلے میں اس طاغوت کے پاس کوئی منطقی جواب نہیں تھا۔ اس لیے طاقت کی زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں قتل کرنے یا آگ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاس آتش سے بچنے کے مادی وسائل نہ تھے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے ان کی مدد کی اور آگ کو گلزار بنا دیا۔

یہ اللہ کی سنت جاریہ ہے کہ جہاں اس کے بندے اپنے دفاع کے لیے مادی وسائل نہ رکھتے ہوں اور دشمن پوری طاقت کے ساتھ مقابلے میں آ جائے تو اللہ کی مدد معجزے کی صورت میں آ جاتی ہے اور اگر بندوں کے پاس اپنے دفاع کے لیے وسائل موجود ہوں، پھر بھی وہ دشمن کا مقابلہ نہ کریں تو اللہ کی مدد نہیں آتی۔

دوسری قابل توجہ بات یہ ہے کہ نمرود والے اس عظیم معجزے کے مشاہدے کے بعد بھی ایمان نہیں لائے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کل کے مادہ پرست محسوس معجزوں پر بھی ایمان نہیں لائے۔

۳۔ فَاَنۡجٰىہُ اللّٰہُ مِنَ النَّارِ: اللہ نے ابراہیم علیہ السلام کو آتش سے نجات دی۔ تفصیل کے لیے سورۃ الانبیاء ملاحظہ فرمائیں۔ روایت ہے کہ آتش نے صرف اس رسی کو جلایا جس سے حضرات ابراہیم علیہ السلام کے ہاتھ پیر باندھے گئے تھے۔

۴۔ اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیٰتٍ لِّقَوۡمٍ یُّؤۡمِنُوۡنَ: حضرت ابراہیم علیہ السلام کو آتش سے نجات دینا اللہ کی قدرت کاملہ، وعدہ الٰہی کے سچا ہونے، اپنے رسول کی حفاظت، دشمن کی خواری، بت شکنی کو جاودانی ملنے اور ایمان والوں کی فتح کی نشانی ہے۔

اہم نکات

۱۔ ایمان باللہ کی طاقت، باطل کی آتش پر غالب آنا ہے۔


آیت 24