آیات 71 - 72
 

قُلۡ اَرَءَیۡتُمۡ اِنۡ جَعَلَ اللّٰہُ عَلَیۡکُمُ الَّیۡلَ سَرۡمَدًا اِلٰی یَوۡمِ الۡقِیٰمَۃِ مَنۡ اِلٰہٌ غَیۡرُ اللّٰہِ یَاۡتِیۡکُمۡ بِضِیَآءٍ ؕ اَفَلَا تَسۡمَعُوۡنَ﴿۷۱﴾

۷۱۔ کہدیجئے: مجھے بتاؤ کہ اگر اللہ قیامت تک تم پر ہمیشہ کے لیے رات مسلط کر دے تو اللہ کے سوا کون سا معبود ہے جو تمہیں روشنی لا دے؟کیا تم سنتے نہیں ہو؟

قُلۡ اَرَءَیۡتُمۡ اِنۡ جَعَلَ اللّٰہُ عَلَیۡکُمُ النَّہَارَ سَرۡمَدًا اِلٰی یَوۡمِ الۡقِیٰمَۃِ مَنۡ اِلٰہٌ غَیۡرُ اللّٰہِ یَاۡتِیۡکُمۡ بِلَیۡلٍ تَسۡکُنُوۡنَ فِیۡہِ ؕ اَفَلَا تُبۡصِرُوۡنَ﴿۷۲﴾

۷۲۔ کہدیجئے: مجھے بتاؤ کہ اگر قیامت تک اللہ تم پر ہمیشہ کے لیے دن کو مسلط کر دے تو اللہ کے سوا کون سا معبود ہے جو تمہیں رات لا دے جس میں تم سکون حاصل کرو؟ کیا تم (چشم بصیرت سے) دیکھتے نہیں ہو؟

تشریح کلمات

سَرۡمَدًا:

( س ر م د ) السرمد کے معنی دائم، ہمیشہ کے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ اَرَءَیۡتُمۡ:

یہ ترکیب اخبرنی مجھے بتاؤ کے معنوں میں استعمال ہوتی ہے۔

۲۔ اِنۡ جَعَلَ اللّٰہُ عَلَیۡکُمُ الَّیۡلَ سَرۡمَدًا: اس آیت کا مطمع نظر تدبیر عالم ہے جس میں شب و روز کی آمد و رفت کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ تدبیر حیات میں شب و روز کے تبادل کو اگر بالفرض ختم کر دیا جائے اور ہمیشہ رات رہے تو تدبیر حیات میں جو خلل رونما ہو گا، کون ہے جو اس خلل کو دور کرے، روشنی لے آئے اور اہل ارض کو نابودی سے بچائے؟

۳۔ مَنۡ اِلٰہٌ غَیۡرُ اللّٰہِ یَاۡتِیۡکُمۡ بِضِیَآءٍ: اگر کوئی تدبیر عالم میں واقع ہونے والے خلل کو درست کرنے والا ہو گا تو وہ معبود ہو گا۔ صرف معبود یہ کام کر سکتا ہے۔ کوئی معبود جو ایسے خلل کو درست کر کے اپنی معبودیت کو ثابت کر دے، اگر نہیں ہے تو اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے۔

اس آیت سے یہ نکتہ واضح ہو جاتا ہے کہ خلق اور تدبیر ناقابل تفریق ہے۔ چنانچہ روز و شب کے خالق نے ان دونوں کی تخلیق اس طرح فرمائی ہے کہ تدبیر عالم کا نظام قائم رہے۔ نہ رات کو دائمی خلق کیا، نہ دن کو۔

۴۔ قُلۡ اَرَءَیۡتُمۡ اِنۡ جَعَلَ اللّٰہُ عَلَیۡکُمُ الَّیۡلَ سَرۡمَدًا: اگر اللہ کے علاوہ تمہارے معبودوں کے ہاتھ میں اس کائنات کی تدبیر ہے تو اس جاری نظام میں موجود لیل و نہار میں اپنے تدبیری عمل کا چھوٹا سا مظاہرہ کر کے دکھائیں اور رات کا سلسلہ اگر جاری رہے تو دن لانا اگر ممکن نہیں تو تھوڑی سی روشنی ہی لا کر اپنی قدرت نمائی کریں۔ سب کو معلوم ہے کہ اللہ کے علاوہ یہ کام کوئی نہیں کر سکتا تو پھر غیر اللہ کے پاس کون سی تدبیر ہے۔


آیات 71 - 72