آیات 62 - 63
 

وَ یَوۡمَ یُنَادِیۡہِمۡ فَیَقُوۡلُ اَیۡنَ شُرَکَآءِیَ الَّذِیۡنَ کُنۡتُمۡ تَزۡعُمُوۡنَ﴿۶۲﴾

۶۲۔اور جس دن اللہ انہیں پکارے گا اور کہے گا: کہاں ہیں وہ جنہیں تم میرا شریک گمان کرتے تھے ؟

قَالَ الَّذِیۡنَ حَقَّ عَلَیۡہِمُ الۡقَوۡلُ رَبَّنَا ہٰۤؤُلَآءِ الَّذِیۡنَ اَغۡوَیۡنَا ۚ اَغۡوَیۡنٰہُمۡ کَمَا غَوَیۡنَا ۚ تَبَرَّاۡنَاۤ اِلَیۡکَ ۫ مَا کَانُوۡۤا اِیَّانَا یَعۡبُدُوۡنَ﴿۶۳﴾

۶۳۔ جن پر (اللہ کا) فیصلہ حتمی ہو چکا ہو گا وہ کہیں گے: ہمارے رب! یہی لوگ ہیں جنہیں ہم نے گمراہ کیا، جس طرح ہم خود گمراہ ہوئے تھے اسی طرح ہم نے انہیں گمراہ کیا تھا، (اب) ہم تیری طرف متوجہ ہو کر ان سے بیزار ہوتے ہیں کہ وہ ہماری پوجا نہیں کیا کرتے تھے۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ یَوۡمَ یُنَادِیۡہِمۡ: قیامت کے دن جب ان کی آنکھوں سے پردہ ہٹ جائے گا۔ حقائق سامنے آئیں گے تو ان سے سوال ہو گا: کہاں ہیں وہ تمہارے معبود جن کو تم نے میرا شریک بنایا تھا؟

۲۔ قَالَ الَّذِیۡنَ حَقَّ عَلَیۡہِمُ الۡقَوۡلُ: ان میں سے جن پر عذاب الٰہی حتمی ہو چکا ہو گا اور نجات کے سارے راستے بند ہو چکے ہوں گے۔ قسمت کا فیصلہ دیکھ چکے ہوں گے۔ وہ اس طرح اعتراف کریں گے:

۳۔ ہٰۤؤُلَآءِ الَّذِیۡنَ اَغۡوَیۡنَا: یہ مشرکین وہ لوگ ہیں جن کو ہم نے گمراہ کیا تھا۔ یعنی مخاطبین میں سے کفر کے سرکردہ لوگ جواب دیں گے: ان لوگوں کو ہم نے گمراہ کیا تھا۔

۴۔ اَغۡوَیۡنٰہُمۡ کَمَا غَوَیۡنَا: ان لوگوں کو ہم نے گمراہ کیا۔ ہمارے اشارے پر یہ گمراہ ہوئے۔ ہم نے کسی پر جبر نہیں کیا۔ جس طرح ہم خود اپنے اختیار سے گمراہ ہوئے تھے۔ ہم پر بھی کسی نے جبر نہیں کیا۔

۵۔ تَبَرَّاۡنَاۤ اِلَیۡکَ: اب ہم تیری طرف متوجہ ہو کر ان سے بیزار ہوتے ہیں۔ ان کے مشرکانہ عمل سے بیزاری اس لیے اختیار کرتے ہیں کہ ہم نے انہیں مجبور نہیں کیا تھا۔ ان لوگوں نے اپنے اختیار سے شرک کا ارتکاب کیا ہے۔ اسی بنا پر ان لوگوں نے اگلا جملہ کہا:

۶۔ مَا کَانُوۡۤا اِیَّانَا یَعۡبُدُوۡنَ: یہ ہماری پرستش نہیں کرتے تھے۔ ہماری پرستش اس وقت ہوتی جب ہم ان کو مجبور کرتے۔ اب چونکہ ان لوگوں نے اپنے اختیار سے شرک کیا ہے لہٰذا اس کے خود ذمہ دار ہیں۔ ہم ذمہ دار نہیں ہیں۔

ان کی منطق یہ ہے کہ اگر ہم نے ان سے جبراً شرک کا کام لیا ہوتا تو یہ ہمارا عمل شمار ہوتا۔ ہم نے تو صرف ان کو دعوت دی تھی اس کو ان لوگوں نے اپنے اختیار سے قبول کیا ہے لہٰذا یہ خود ان کا عمل شمار ہو گا۔ (استفادہ از المیزان)

اہم نکات

۱۔ غیر خدا پر بھروسہ ایک واہمہ ہے۔

۲۔ ہمیشہ دوسروں کو وہ لوگ گمراہ کرتے ہیں جو خود گمراہ ہیں۔


آیات 62 - 63