آیت 44
 

وَ مَا کُنۡتَ بِجَانِبِ الۡغَرۡبِیِّ اِذۡ قَضَیۡنَاۤ اِلٰی مُوۡسَی الۡاَمۡرَ وَ مَا کُنۡتَ مِنَ الشّٰہِدِیۡنَ ﴿ۙ۴۴﴾

۴۴۔ اور آپ اس وقت (طور کے) مغربی جانب موجود نہ تھے جب ہم نے موسیٰ کی طرف حکم بھیجا اور آپ مشاہدہ کرنے والوں میں سے نہ تھے۔

تفسیر آیات

مکہ والوں کے حسی مشاہدے کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس وقت موجود نہ تھے جب اللہ طور کی مغربی جانب موسیٰ علیہ السلام کو شریعت دے رہا تھا، مغربی جانب وہی ہے جس کے بارے میں آیت ۳۰ میں فرمایا: مِنۡ شَاطِیَٴ الۡوَادِ الۡاَیۡمَنِ وادی کے دائیں کنارے سے، تو سوال یہ کیا گیا کہ جب موسیٰ علیہ السلام کو شریعت مل رہی تھی اس وقت یہ رسولؐ وہاں تمہارے مشاہدے کے مطابق موجود نہ تھے، نہ ہی یہ واقعات ان کی کتابوں سے لیے گئے چونکہ یہ واقعات جیسے قرآن بیان کرتا ہے، توریت وغیرہ میں بھی نہیں ہیں اور نہ مکہ میں ایسے وسائل فراہم تھے کہ ان واقعات کو حاصل کیا جا سکے۔ اس کے باوجود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قرآن کے ذریعے موسیٰ کے حالات اس طرح بیان کر رہے ہیں جیسا کہ آپ ؐ وہاں موجود تھے۔ یہ صرف وحی کے ذریعہ ممکن ہے۔


آیت 44