آیات 226 - 227
 

لِلَّذِیۡنَ یُؤۡلُوۡنَ مِنۡ نِّسَآئِہِمۡ تَرَبُّصُ اَرۡبَعَۃِ اَشۡہُرٍ ۚ فَاِنۡ فَآءُوۡ فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ﴿۲۲۶﴾

۲۲۶۔ جو لوگ اپنی عورتوں سے الگ رہنے کی قسم کھاتے ہیں ان کے لیے چار ماہ کی مہلت ہے، اگر ( اس دوران) رجوع کریں تو اللہ یقینا بڑا معاف کرنے والا رحم کرنے والا ہے۔

وَ اِنۡ عَزَمُوا الطَّلَاقَ فَاِنَّ اللّٰہَ سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ﴿۲۲۷﴾

۲۲۷۔ اور اگر طلاق کا فیصلہ کر لیں تو اللہ یقینا خوب سننے والا، علم والا ہے۔

تشریح کلمات

ایلاء:

( ا ل و ) میاں بیوی کا مباشرت ترک کرنے کی قسم کھانا۔

تَرَبُّصُ:

( ر ب ص ) انتظار کرنا۔

الفیٔ:

( ف ی ء ) اچھی حالت کی طرف رجوع کرنا۔

تفسیر آیات

زن و شوہر میں اگر کبھی بگاڑ پیدا ہو جائے اور ان دونوں کے تعلقات اس حد تک کشیدہ ہو جائیں کہ شوہر قسم کھا لے کہ وہ اپنی عورت سے ہمبستری نہیں کرے گا تو حاکم شرع اسے چار ماہ کی مہلت دے گا، اگر وہ اس اثنا ء میں رجوع کر لے اور اپنی عورت سے ہمبستری کر لے اور کفارہ بھی ادا کر دے تو اس پر کوئی عقاب نہ ہو گا اور اگر وہ طلاق دینا چاہے تو یہ بات بھی خلاصی کا ایک ذریعہ ہے۔ لیکن طلاق شریعت کی نظر میں پھر بھی ایک ناپسندیدہ عمل ہے، اسی لیے اس حکم کے بعد سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ فرمایا، جب کہ رجوع کے حکم کے بعد غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ فرمایا تھا۔ اس حکم کے تحت عورتوں سے مباشرت اورہمبستری چار ماہ سے زیادہ ترک کرنے سے منع فرمایا ہے،جو زوجہ کے حقوق میں سے ہے۔

ایلاء کی یہ قسم دو خاصیتیں رکھتی ہے: اول یہ کہ اس قسم کا توڑنا جائز ہے، بلکہ کبھی واجب بھی ہو جاتا ہے۔ دوم یہ کہ یہ قسم نامرغوب ہونے کے باوجود منعقد ہو جاتی ہے، جب کہ باقی قسموں کے لیے شرط ہے کہ قسم پسندیدہ اور مرغوب چیز پر کھائی گئی ہو اور اگر کسی ایسی چیز پر قسم کھائی جائے جو شرعاً ناپسندیدہ اور نامرغوب ہے تو ایسی قسم منعقد ہی نہیں ہوتی۔

اہم نکات

۱۔ ازدواجی زندگی کے استحکام کے لیے جذباتی فیصلوں سے اجتناب ضروری ہے۔

۲۔ عورت کو جنسی حقوق سے چار ماہ سے زیادہ محروم نہیں رکھا جاسکتا: تَرَبُّصُ اَرۡبَعَۃِ اَشۡہُرٍ ۔۔۔

۳۔ عفو و درگزر اور وصل مکرر مغفرت خداوندی کا سبب ہے۔

۴۔ ایلاء کی صورت میں چار ماہ کے بعد دوبارہ ازدواجی زندگی یا جدائی میں سے ایک کا فیصلہ لازمی ہے: فَاِنۡ فَآءُوۡ فَاِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ وَ اِنۡ عَزَمُوا الطَّلَاقَ ۔۔۔۔

تحقیق مزید: آیت ۲۲۶: الوسائل ۲۲ : ۲۳۵۔ الکافی ۶ : ۱۱۳۔


آیات 226 - 227