انبیاء و اوصیاء کی شہادت پر آسمان و زمین کا گریہ


فَمَا بَکَتۡ عَلَیۡہِمُ السَّمَآءُ وَ الۡاَرۡضُ وَ مَا کَانُوۡا مُنۡظَرِیۡنَ﴿٪۲۹﴾

۲۹۔ پھر نہ آسمان و زمین نے ان پر گریہ کیا اور نہ ہی وہ مہلت ملنے والوں میں سے تھے۔

29۔ فرعون اور آل فرعون جب اقتدار پر تھے تو سب ان کے قصیدہ خواں تھے اور جب وہ غرق ہو گئے تو نہ چشم فلک نے گریہ کیا، نہ روئے زمین پر کسی نے آنسو بہایا، بلکہ بہت سے لوگوں نے اطمینان کا سانس لیا۔ روایت میں آیا ہے کہ حضرت یحیٰی اور حضرت امام حسین علیہما السلام کی شہادت پر آسمان نے چالیس دن تک گریہ کیا۔ (مجمع البیان)

تفسیر در المنثور میں آیا ہے کہ جب حضرت یحیٰی علیہ السلام شہید ہوئے تو آسمان سرخ ہو گیا اور خون کے قطرے گرے اور جب (حضرت) حسین بن علی (علیہما السلام) شہید ہوئے تو آسمان سرخ ہو گیا۔