ہارون محمدی


وَ اَخِیۡ ہٰرُوۡنُ ہُوَ اَفۡصَحُ مِنِّیۡ لِسَانًا فَاَرۡسِلۡہُ مَعِیَ رِدۡاً یُّصَدِّقُنِیۡۤ ۫ اِنِّیۡۤ اَخَافُ اَنۡ یُّکَذِّبُوۡنِ﴿۳۴﴾

۳۴۔ اور میرے بھائی ہارون کی زبان مجھ سے زیادہ فصیح ہے لہٰذا اسے میرے ساتھ مددگار بنا کر بھیج کہ وہ میری تصدیق کرے کیونکہ مجھے خوف ہے کہ لوگ میری تکذیب کریں گے۔

34۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ سے اس تاریخ ساز جہاد میں قدم رکھنے کے لیے معاون کی درخواست کر رہے ہیں، جو ان کی رسالت کی سب سے پہلے تصدیق کرنے والا ہو۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام حضرت ہارون علیہ السلام کے ذریعے نصرت اور تصدیق کے خواہشمند تھے۔ حضرت ہارون علیہ السلام کے ذریعے موسیٰ علیہ السلام کی اور حضرت علی علیہ السلام کے ذریعے حضرت محمد ﷺ کی نصرت و تصدیق میں کتنی زیادہ شباہت ہے؟