وَ مِنۡ رَّحۡمَتِہٖ جَعَلَ لَکُمُ الَّیۡلَ وَ النَّہَارَ لِتَسۡکُنُوۡا فِیۡہِ وَ لِتَبۡتَغُوۡا مِنۡ فَضۡلِہٖ وَ لَعَلَّکُمۡ تَشۡکُرُوۡنَ﴿۷۳﴾
۷۳۔ اور یہ اللہ کی رحمت ہی تو ہے کہ اس نے تمہارے لیے رات اور دن کو (یکے بعد دیگرے) بنایا تاکہ تم (رات میں) سکون حاصل کر سکو اور (دن میں) اللہ کا فضل (روزی) تلاش کرو اور شاید کہ تم شکر بجا لاؤ۔
73۔ دن اور رات کے بارے میں انسان غور نہیں کرتے کہ دن کی روشنی حیات بخش اور رات کی تاریکی سکون بخش ہونے کے باوجود یہ دونوں اگر یکے بعد دیگرے نہ آتے، بلکہ ہمیشہ دن ہوتا یا ہمیشہ رات ہوتی تو اس کرہ ارض پر زندگی مفقود ہوتی۔ یعنی اگر اللہ اس نظام کو زندگی کے لیے مناسب اور مربوط نہ بناتا تو کون ہے جو اسے مربوط بنائے؟