وَ ہُوَ الَّذِیۡ خَلَقَ مِنَ الۡمَآءِ بَشَرًا فَجَعَلَہٗ نَسَبًا وَّ صِہۡرًا ؕ وَ کَانَ رَبُّکَ قَدِیۡرًا﴿۵۴﴾

۵۴۔ اور وہی ہے جس نے پانی سے بشر کو پیدا کیا پھر اس کو نسب اور سسرال بنایا اور آپ کا رب بڑی طاقت والا ہے۔

54۔ ایک ہی بوند سے دو مختلف مخلوقات، نسب اور سسرال، مرد اور عورت وجود میں آتے ہیں، جن کی اصل ایک ہے، نوع ایک ہے اور دونوں کا تعلق ایک بنیاد یعنی انسانیت سے ہے، مگر خصوصیات مختلف، نفسیاتی اور جسمانی تقاضے مختلف ہیں۔ اس کے باوجود ایک دوسرے سے متصادم نہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں۔ ایک دوسرے کے لیے پرکشش ہیں۔ آپس میں اعتدال برقرار ہے۔