وَ الۡبُدۡنَ جَعَلۡنٰہَا لَکُمۡ مِّنۡ شَعَآئِرِ اللّٰہِ لَکُمۡ فِیۡہَا خَیۡرٌ ٭ۖ فَاذۡکُرُوا اسۡمَ اللّٰہِ عَلَیۡہَا صَوَآفَّ ۚ فَاِذَا وَجَبَتۡ جُنُوۡبُہَا فَکُلُوۡا مِنۡہَا وَ اَطۡعِمُوا الۡقَانِعَ وَ الۡمُعۡتَرَّ ؕ کَذٰلِکَ سَخَّرۡنٰہَا لَکُمۡ لَعَلَّکُمۡ تَشۡکُرُوۡنَ﴿۳۶﴾
۳۶۔ اور قربانی کے اونٹ جنہیں ہم نے تم لوگوں کے لیے شعائر اللہ میں سے قرار دیا ہے اس میں تمہارے لیے بھلائی ہے، پس اسے کھڑا کر کے اس پر اللہ کا نام لو پھر جب یہ پہلو پر گر پڑے تو اس میں سے خود بھی کھاؤ اور سوال کرنے والے اور سوال نہ کرنے والے فقیر کو کھلاؤ، یوں ہم نے انہیں تمہارے لیے مسخر کیا ہے تاکہ تم شکر کرو۔
36۔ قربانی کے اونٹ کے بارے میں فرمایا: جَعَلۡنٰہَا ہم نے ان کو شعائر اللہ قرار دیا۔ اس سے معلوم ہوا کوئی چیز شعائر اللہ میں اس وقت شامل ہوتی ہے، جب اللہ اسے شعائر اللہ قرار دے۔
صَوَآفَّ : صفوں میں کھڑے اونٹوں پر اللہ کا نام لو۔ یہ اونٹوں کے نحر سے متعلق ہے کہ اونٹ باندھ کر کھڑی حالت میں نحر کیا جاتا ہے۔
الۡقَانِعَ : گوشت کا ایک حصہ اس فقیر کو دے دیں جو قانع ہے۔ یعنی جو کچھ اسے دیا جاتا ہے، اسے قبول کرتا ہے۔ الۡمُعۡتَرَّ وہ ہے جو آپ کے پاس سوال کے لیے آتا ہے۔ کچھ حصہ الۡمُعۡتَرَّ یعنی سائل کو دیں۔