قَالَ ہُمۡ اُولَآءِ عَلٰۤی اَثَرِیۡ وَ عَجِلۡتُ اِلَیۡکَ رَبِّ لِتَرۡضٰی﴿۸۴﴾
۸۴۔ موسیٰ نے عرض کیا: وہ میرے پیچھے آ رہے ہیں اور میرے رب ! میں نے تیری طرف (آنے میں) جلدی اس لیے کی کہ تو خوش ہو جائے ۔
83۔ 84 جب حضرت موسیٰ علیہ السلام کو اپنی قوم سے ستر (70) سرداروں کو منتخب کر کے کوہ طور پر حاضر ہونے کا حکم ملا تو حضرت موسیٰ علیہ السلام دوسرے نقبائے قوم سے پہلے کوہ طور پر پہنچ گئے۔
حضرت موسیٰ علیہ السلام نے جواب میں عرض کیا: یہ عجلت تیری رضا جوئی کے لیے تھی۔ تجھ سے مناجات کی حلاوت، تجھ سے راز و نیاز کے کیف و سرور اور تیری قربت کی چاشنی نے مجھے عجلت پر مجبور کر دیا۔