قَالُوۡا یٰذَاالۡقَرۡنَیۡنِ اِنَّ یَاۡجُوۡجَ وَ مَاۡجُوۡجَ مُفۡسِدُوۡنَ فِی الۡاَرۡضِ فَہَلۡ نَجۡعَلُ لَکَ خَرۡجًا عَلٰۤی اَنۡ تَجۡعَلَ بَیۡنَنَا وَ بَیۡنَہُمۡ سَدًّا﴿۹۴﴾

۹۴۔ لوگوں نے کہا: اے ذوالقرنین! یاجوج اور ماجوج یقینا اس سرزمین کے فسادی ہیں کیا ہم آپ کے لیے کچھ سامان کا انتظام کریں تاکہ آپ ہمارے اور ان کے درمیان ایک بند باندھ دیں؟

94۔ یہ بند بعض کے بقول قفقاز کے علاقہ داغستان میں دربند اور داریال کے درمیان موجود ہے جو 50 میل لمبا اور 29 فٹ اونچا ہے اور بعض کے نزدیک یہ بند اس دربند میں ہے جو علاقہ وسط ایشیاء کے مشرقی حصے میں بخارا سے کوئی 150 میل جنوب مشرق میں واقع ہے۔

یاجوج و ماجوج کون ہیں: ایک رائے یہ ہے کہ یہ وہی قوم ہے جسے تاتاری منگولی وغیرہ ناموں سے یاد کیا جاتا ہے، جو قدیم زمانے سے یورپ اور ایشیا کی متمدن قوموں پر حملے کرتے رہے ہیں۔ بائبل میں ان کو حضرت نوح علیہ السلام کے فرزند یافث کی نسل میں قرار دیا گیا ہے۔ (پیدائش باب 10) چنانچہ بحار الانوار 6: 298 اور علل الشرائع میں بھی ایک روایت میں یاجوج و ماجوج کو یافث کی نسل قرار دیا گیا ہے اور حزقی ایل صحیفے باب 38 میں بھی ان کا ذکر ملتا ہے۔