نَبِّیٴۡ عِبَادِیۡۤ اَنِّیۡۤ اَنَا الۡغَفُوۡرُ الرَّحِیۡمُ ﴿ۙ۴۹﴾

۴۹۔ (اے رسول) میرے بندوں کو بتا دو کہ میں بڑا درگزر کرنے والا، مہربان ہوں۔

49۔ کس قدر رحمت و شفقت ہے اس آواز میں: میرے بندوں کو بتا دو۔ بتا دو میں غفور ہوں۔ بتا دو میں رحیم ہوں کس قدر شیریں ہے یہ خطاب میرے بندوں کو بتا دو، کس قدر مہر و محبت ہے اس لہجے میں، کسی قدر امید افزا ہے۔ اَنِّیۡۤ اَنَا الۡغَفُوۡرُ الرَّحِیۡمُ ۔ میں نہایت درگزر کرنے والا، مہربان ہوں۔ گنہگاروں کے لیے سرمایہ امید و رجا ہے یہ جملہ: میں در گزر کرنے والا ہوں۔