لَقَدِ ابۡتَغَوُا الۡفِتۡنَۃَ مِنۡ قَبۡلُ وَ قَلَّبُوۡا لَکَ الۡاُمُوۡرَ حَتّٰی جَآءَ الۡحَقُّ وَ ظَہَرَ اَمۡرُ اللّٰہِ وَ ہُمۡ کٰرِہُوۡنَ﴿۴۸﴾
۴۸۔ یہ لوگ پہلے بھی فتنہ انگیزی کی کوشش کرتے رہے ہیں اور آپ کے لیے بہت سی باتوں میں الٹ پھیر بھی کرتے رہے ہیں یہاں تک کہ حق آ پہنچا اور اللہ کا فیصلہ غالب ہوا اور وہ برا مانتے رہ گئے ۔
48۔ وہ اس سے پہلے احد کی جنگ میں فتنہ انگیزی کر چکے ہیں۔ منافقین راستے سے واپس چلے گئے جس سے اوس و خزرج کے قبائل بھی بد دل ہو کر واپس جانے والے تھے اور ضعیف الایمان لوگوں نے نافرمانی اور فرار اختیار کر کے مسلمانوں کو شکست سے دو چار کر دیا تھا۔ بعد میں اللہ نے چند استقامت دکھانے والے مجاہدین کے ذریعے لشکر اسلام کی محافظت فرمائی۔